
پیچھے تو دیکھو پیچھے سے شہرت حاصل کرنے والے احمد شاہ کے بھائی کے انتقال پر اہلخانہ اور مداح شدید صدمے میں ہیں۔ اس موقع پر عمر شاہ کے چچا نے پہلی بار ایک دکھ بھرا ویڈیو بیان دیا ہے جس نے سب کو مزید رنجیدہ کر دیا۔
عمر شاہ کے چچا نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس رات عمر کا انتقال ہوا اس رات وہ بالکل صحت مند تھے اور انہیں کسی قسم کی تکلیف نہیں تھی۔ عمر ہنسی خوشی سویا تھا لیکن رات ڈھائی بجے کے قریب اچانک طبیعت خراب ہو گئی۔ فوری طور پر انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن تقریباً آدھے گھنٹے بعد ہی وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
چچا کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال اہلخانہ کیلئے ناقابلِ برداشت ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم پر قیامت ٹوٹ پڑی ہو۔ عمر صرف اپنے والدین اور گھر والوں کا ہی پیارا نہیں تھا بلکہ پوری دنیا میں لوگ اسے چاہتے تھے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر سے تعزیتی کالز موصول ہو رہی ہیں۔
اہلخانہ کے مطابق عمر شاہ کو رات اچانک قے ہوئی اور ممکنہ طور پر کچھ مواد سانس کی نالی میں چلا گیا جس کے باعث سانس رک گئی۔ انہیں سول اسپتال لے جایا گیا لیکن فجر کے قریب وہ انتقال کر گئے۔
عمر شاہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ کیلئے صبر اور حوصلے کی دعا کی ہے۔