رجب بٹ اور اقرا کنول کیخلاف مالیاتی سکینڈل کی تحقیقات کا آغاز
 نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ اور اقراء کنول کیخلاف مالیاتی اسکینڈل پر تحقیقات شروع کر دیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ اور اقراء کنول کیخلاف مالیاتی اسکینڈل پر تحقیقات شروع کر دیں۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف آن لائن ٹریڈنگ اور جوا ایپس کے ذریعے فراڈ کی شکایات پر مقدمات کی انکوائری جاری ہے، یوٹوبر رجب بٹ اور اقرا کنول کو 9 ستمبر کو این سی سی آئی اے لاہور دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان پر نوجوانوں کو آن لائن جوا ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسانے کا الزام ہے، ملزمان پر سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن جوا انویسٹمنٹس کو پروموٹ کرنے کا الزام ہے۔

حکام کے مطابق رجب بٹ اور اقراء کنول نے غیر رجسٹرڈ اور غیر لائسنس یافتہ ایپس میں سرمایہ کاری کی تشہیر کی ہے، رجب بٹ پر متاثرین کی محنت کی کمائی لوٹنے کی اسکیم ڈیزائن کرنے کا بھی الزام ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ رجب بٹ اور اقراء کنول کے 9 ستمبر کو پیش نہ ہونے پر یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‏جوا ایپس کی تشہیر کا الزام، ایک اور معروف یوٹیوبر گرفتار

علاوہ ازیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ٹک ٹاکر محمد انس علی کو طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کر دیا، محمد انس علی کو 9 ستمبر کو صبح 11 بجے این سی سی آئی اے لاہور دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔

این سی سی آئے کا کہنا ہے کہ انس علی طلبی پر پیش نہ ہوئے تو یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، محمد انس علی پر آن لائن ٹریڈنگ اور جوا ایپس کے ذریعے مالیاتی فراڈ کا الزام ہے، انس علی نوجوانوں کو آن لائن جوا ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسانے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

حکام کے مطابق ملزم پر سوشل میڈیا کے ذریعے جوا انویسٹمنٹ پروموٹ کرنے کے الزامات بھی ہیں، ملزم پر متاثرین کی محنت کی کمائی لوٹنے کی اسکیم ڈیزائن کرنے کا بھی الزام ہے۔