ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن توسیع
YouTuber Ducky Remand Extension
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔

ڈکی بھائی کو ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں سخت سیکیورٹی کے حصار میں پیش کیا گیا۔

حکومتی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 روزہ سابقہ ریمانڈ کے دوران اہم شواہد اور کئی نام سامنے آئے ہیں جن کی مزید چھان بین باقی ہے۔

وکیل نے کہا کہ تحقیقات کے نتائج اور تمام تفصیلات آئندہ پیشی پر عدالت میں جمع کرا دی جائیں گی، لہٰذا ریمانڈ میں توسیع ناگزیر ہے۔

دوسری جانب یوٹیوبر کے وکیل چوہدری عثمان علی نے ریمانڈ میں مزید توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ یہ کارروائی بلاجواز ہے۔

عدالت نے قومی سائبر کرائم (NCCIA) کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں یکم ستمبر تک توسیع کر دی۔

ذہن نشین رہے کہ ڈکی بھائی سمیت متعدد سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر الزام ہے کہ انہوں نے مالی فوائد کیلئے آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس اور پلیٹ فارمز کی تشہیر کی۔ ان ایپس کے ذریعے عوام کو بڑے پیمانے پر نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مایا علی کا باربار شادی کے مشورے دینے والوں کو دو ٹوک جواب

ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی کے اکاؤنٹس سے اب تک 27 ایسی ویڈیو لنکس اکٹھی کی گئی ہیں جن میں متنازعہ پلیٹ فارمز کی پروموشن کی گئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان شواہد کی روشنی میں تحقیقات مزید آگے بڑھائی جائیں گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ مقدمہ ملک میں سوشل میڈیا پر جوا بازی کی تشہیر اور غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔