‏اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا، لاہورمیں تدفین
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس اتحاد کمرشل کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس اتحاد کمرشل کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ادا کی گئی جس میں ان کے اہلخانہ نے شرکت کی، جس کے بعد اداکارہ ماڈل ٹاؤن کیو بلاک قبرستان میں تدفین کی گئی۔

اداکارہ حمیرا اصغر کے چچا نے کہا ہے کہ حمیرا کے والدین اس کے شوبز میں جانے سے خوش نہیں تھے۔

نماز جنازہ کے بعد متوفی حمیرا اصغر کے چچا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حمیرا اصغر سے فون پر رابطہ رہتا تھا ، وہ جب لاہور آتی تو ملاقات ہوتی تھی ،اس کے کراچی والے گھر کا ایڈریس ہمیں معلوم نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حمیرا کے والدین اس کے شوبز میں جانے سے خوش نہیں تھے، حمیرا پینٹگز بناتی تھی اور اپنے کام سے خوش تھی، حمیرا غریبوں کیلئے بہت درد دل رکھنے والی انسان تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حمیرا اصغر کی لاش کتنی پرانی نکلی ؟ دل دہلا دینے والا انکشاف

حمیرا اصغر کے چچا نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کی جانب سے حمیرا کے ساتھ کوئی اظہار لا تعلقی نہیں کیا گیا، مالک مکان کو چاہیے تھا وہ بھی فیملی سے رابطہ کرتا۔

یاد رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی، حمیرا اصغر فلیٹ میں 7 برس سے تنہا رہائش پذیر تھیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش 8 سے 10 ماہ پرانی ہے جبکہ نچلے حصے کا گوشت مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا۔

واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی میت ان کے اہلخانہ نے گزشتہ روز کراچی سے وصول کی تھی، مرحومہ کی میت کراچی سے براستہ ایمبولنس لاہور پہنچائی گئی،اداکارہ کی میت کے ساتھ بھائی، بہنوئی اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔