
رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے تامل فلم انڈسٹری سے اپنی شوبز کیریئر کا آغاز کیا ہے ، ان کی فلم کے ٹیزر نے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی جس کے ان کے مداح انہیں بڑے پردے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
سریش رائنا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنےشوبز کیریئر کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک نئی فلم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف پروڈکشن ہاؤس ڈریم نائٹ سٹوریز کی جانب سے رائنا کی پہلی فلم کا اعلان ایک مختصر ویڈیو کے ذریعے کیا گیا ہے، جسے فی الحال پروڈکشن نمبر ون کے نام سے پکارا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ یہی فلم کا حتمی نام ہو تاہم اس حوالے سے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے فی الحال کوئی تصدیق یاد تردید نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ
مذکورہ فلم کی ہدایتکاری لوگن کر رہے ہیں، جو تامل فلم انڈسٹری میں ’مان کراٹے‘، ’ریمو‘ اور ’گیتھو‘ جیسی کامیاب فلموں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، فلم کے ٹیزر کی ریلیز کیلئے ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تامل انڈسٹری کی نامور شخصیات شریک ہوئیں۔
فلم کے ابتدائی پرومو میں ایک شخص کرکٹ گراؤنڈ میں چہل قدمی کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے جس سے فلم بینوں کے تجسس میں اضافہ ہو گیا ہے۔
فلم سینما گھروں کی زینت کب بنے گی اس حوالے سے تاریخ تو سامنے نہیں آسکی تاہم رائنا کے فلمی سفر کی پہلی جھلک نے ہی فلم بینوں اور کرکٹ شائقین کے درمیان دلچسپی کی نئی لہر پیدا کر دی ہے۔
اپنی زندگی کی اس نئی اننگ میں سریش رائنا کیا جوہر دکھائیں گے، اس کے لیے مداحوں کو فلم کی ریلیز تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔