معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ
Rajab Butt firing
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کا پالتو کتا گولی لگنے سے مر گیا۔

رجب بٹ نے مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کروایا ہے، جس میں انہوں نے بیان دیا کہ وہ رات کو اپنے دوستوں کے ساتھ باہر موجود تھے جب شام 9 بج کر 45 منٹ پر انہیں گھر سے فون کال موصول ہوئی۔ کال پر بتایا گیا کہ ایک سفید کلٹس گاڑی میں سوار نامعلوم افراد ان کے گھر کے باہر آئے، گالیاں دیں اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

رجب بٹ کے مطابق فائرنگ سے گھر کی دیواروں کو نقصان پہنچا اور ان کا پالتو کتا گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر 15 پر کال کر کے پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 440 اور 429 شامل کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شیفالی جریوالا چل بسیں

رجب بٹ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ فائرنگ کی نوعیت اور طریقہ کار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان جان بوجھ کر جانی نقصان پہنچانے کی نیت سے آئے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔