راکھی ساونت ہانیہ عامر کی حمایت میں سامنے آگئیں
Hania Aamir and Rakhi Sawant
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ، رقاصہ اور میڈیا پرسنیلٹی راکھی ساونت نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو فلم سردار جی 3 میں کاسٹ کرنے پر دلجیت دوسانجھ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ان کی کاوش کو سراہا ہے۔

راکھی ساونت نے حال ہی میں دلجیت اور ہانیہ عامر کی آنے والی فلم کا ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ہانیہ عامر کو بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہانیہ میری سوئیٹ ہارٹ ہے، مجھے بہت خوشی ہے کہ وہ آخرکار بالی ووڈ فلموں کا حصہ بن رہی ہے۔

راکھی نے مزید کہا مبارک ہو دلجیت! سردار جی 3 کا حصہ بننے پر ہانیہ عامر کو ڈھیروں دعائیں۔ یہ فلم ہر کسی کو دیکھنی چاہیے۔ ہانیہ میری فیورٹ ہے، اللہ آپ پر رحمت کرے۔

ذہن نشین رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک بھارت سیاسی کشیدگی اور پہلگام حملے کی وجہ سے اس فلم میں ہانیہ عامر کی شمولیت تنازع کا شکار ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت، بھارتی تنقید پر دلجیت دوسانجھ بول اٹھے

 

 

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائیز اور آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن نے دلجیت دوسانجھ اور اس فلم پر سخت اعتراض کرتے ہوئے بھارت میں دلجیت اور ان کے پراجیکٹس پر پابندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تاہم راکھی ساونت نے اس صورتحال کو نظرانداز کرتے ہوئے دلجیت اور ہانیہ عامر دونوں کی حمایت کی ہے۔ راکھی کا کہنا ہے کہ فن اور فنکار سرحدوں اور سیاسی تنازعات سے بالاتر ہوتے ہیں، یہ فلم دونوں ملکوں کے فنکاروں کو قریب لانے کا ذریعہ بنے گی۔