
برطانوی میڈیا سے گفتگو کے دوران دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب فلم سردار جی تھری بنائی گئی تھی، تب سب کچھ ٹھیک تھا، فلم کی شوٹنگ رواں برس فروری میں کی گئی تھی اور اس وقت پاک بھارت تعلقات معمول کے مطابق تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ فلم کی شوٹنگ کے بعد ہوا جس کے بعد پاک بھارت تنازع جنگ کی شدت اختیار کر گیا لیکن ہمارے بس سے باہر تھا ، فلم میں موجود اداکاروں میں بھی سے کوئی اس واقعہ میں ملوث نہیں تھا۔
دلجیت نے ہانیہ عامر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ کو فلم میں سائن کیا گیا شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد تو ہانیہ کو فلم سے نکالا نہیں جا سکتا تھا ۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور پوری ٹیم نے مشاورت کی اور پاکستانی اداکارہ کو فلم میں رکھنے اور فلم کو بھارت میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ، ہم نے فیصلہ کیا کہ ہانیہ فلم میں موجود رہیں گی اور فلم بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔
دلجیت نے کہا کہ ’’ ظاہر ہے پروڈیوسر نے بہت پیسہ لگایا اور جب فلم بن رہی تھی تب موجودہ حالات جیسا کچھ نہیں ہو رہا تھا‘‘۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارت جیسی بڑی مارکیٹ میں فلم ریلیز نہ ہونے سے نقصان تو ہوگا لیکن اس کے باوجود اگر پروڈیوسرز صرف بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں فلم ریلیز کرنا چاہتے ہیں تو اس فیصلے میں میرے حمایت پروڈیوسرز کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ امر ہوندل کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم سردار جی 3 سے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا ہے جبکہ فلم میں نیرو باجوا، جیسمین باجوا اور گلشن گروور بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، فلم بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 27 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔