ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیش رفت
Sana Yousaf murder case
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاک اسٹار ثناء یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

مقتولہ کے اہل خانہ نے اڈیالہ جیل میں عدالت کی نگرانی میں ہونے والی شناختی پریڈ کے دوران مرکزی ملزم عمر حیات کو باقاعدہ طور پر شناخت کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ثناء یوسف کی والدہ اور خالہ نے عمر حیات کو واضح طور پر شناخت کیا۔ یہ شناختی پریڈ مجسٹریٹ کی نگرانی میں عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل میں منعقد کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ثناء یوسف نے کس ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھائے؟

یاد رہے کہ عمر حیات، جو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ نوجوان اور ٹک ٹاکر ہے، کو ثناء یوسف کے قتل کے فوراً بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے اُسے 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ ابتدائی بیانات کے مطابق، عمر حیات ثناء یوسف کی جانب سے بار بار انکار کیے جانے پر شدید مشتعل تھا، جو بالآخر اس سنگین قتل کا باعث بنا۔

واضح رہے کہ ثناء یوسف نہ صرف سوشل میڈیا پر مقبول تھیں بلکہ وہ خواتین کے حقوق اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھی ایک سرگرم آواز تھیں۔ 2 جون کو، اپنی 17ویں سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کے چند گھنٹوں بعد، انہیں اسلام آباد کے سیکٹر G-1 میں ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور کیس کی مزید تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں گی۔