یمنیٰ زیدی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا
 پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک کروڑ فالوورز مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس سنگ میل پر یمنیٰ زیدی نے انسٹاگرام سٹوری میں مداحوں کے لیے ایک خوبصورت پیغام بھی شیئر کیا۔

یمنیٰ زیدی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ کچھ عرصہ قبل میں نے خوشی کا ایک بیج بویا تھا اور اب میرے پاس محبت، احترام اور خوشیوں کا ایک خوبصورت باغ ہے۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں کو پھولوں سے تشبیہ دیتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے انسٹاگرام کے باغ میں ایک کروڑ خوبصورت پھولوں کے لیے میں سب کی مشکور ہوں۔

خیال رہے کہ اداکارہ یمنیٰ زیدی کا شمار پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے "دل ناامید تو نہیں"، "ڈر سی جاتی ہے صلہ"، "پری زاد"، "صنفِ آہن"، "پیار کے صدقے "اور "یہ رہا دل "جیسے مشہور ڈراموں میں جاندار اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

ڈرامہ انڈسٹری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد یمنیٰ زیدی نے فلم ’نایاب‘ کے ذریعے بڑے پردے بھی اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھا ئے جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا ۔

علاوہ ازیں 2023 میں نجی ٹی وی پر نشر ہونے والا مقبول ترین ڈراما "تیرے بن"، اُن کی مقبولیت کو نئی بلندیوں پر لے گیا، جس نے ٹی آر پی کے ریکارڈ توڑ دیے اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بےحد پذیرائی حاصل کی۔