
چناب کلب کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ایس پی مرزا انجم کمال کی کلب ممبرشپ معطل کر دی گئی ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ ان کی تینوں بیٹیوں کو بھی بطور مہمان کلب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ یہ فیصلہ کلب کے قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور کلب کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یمنیٰ زیدی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا
مرزا انجم کمال پر الزام ہے کہ انہوں نے 13 مئی کو چناب کلب کے ٹینس کورٹ میں ہونے والی لڑائی جھگڑے کی ویڈیو بنائی اور بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس سے کلب کی عزت و وقار کو شدید ٹھیس پہنچی۔ کلب انتظامیہ نے اس ویڈیو کو کلب رولز کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اس ضمن میں ایس پی مرزا انجم کمال کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور آج کے دن تک کا وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ تحریری جواب جمع کرا سکیں۔
واضح رہے کہ جس لڑائی کی ویڈیو بنائی گئی، اس میں ملوث دونوں ممبران کی بھی تاحیات رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے اور ان کے کلب میں داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کلب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے وقار اور ضوابط پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور آئندہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، خاص طور پر جنت مرزا کی شوبز دنیا سے وابستگی کے باعث عوامی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔