ڈکی بھائی کی بالی ووڈ سٹار نورا فتحی کیساتھ ڈانس ویڈیو وائرل

فائیل فوٹو
May, 27 2025
(ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور وی لاگر ڈکی بھائی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے۔ ڈکی بھائی کی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ واقعہ دبئی میں ہونے والے ایک ایونٹ کے دوران پیش آیا جہاں سعد الرحمان (ڈکی بھائی) اپنے دوستوں کے ہمراہ مدعو تھے۔ اس تقریب میں نورا فتحی نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا، اور پھر ایک حیران کن لمحے میں اس نے اسٹیج پر موجود ہجوم میں سے براہِ راست ڈکی بھائی کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دے دی۔ یہ منظر ڈکی بھائی کے تازہ وی لاگ میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اس سے قبل ڈکی کا ایک دوست مذاق میں کہتا ہے، ’’نورا تمہیں اسٹیج پر بلائے گی۔‘‘ اور حیرت انگیز طور پر واقعی ایسا ہی ہوتا ہے۔ جیسے ہی نورا نے ڈکی کو بلایا، تقریب میں موجود ہر فرد کی توجہ اس طرف مبذول ہو گئی۔ ڈکی بھائی، جو ابتدا میں کچھ گھبرائے ہوئے نظر آ رہے تھے، اسٹیج پر گئے اور نورا کے ساتھ ہلکی پھلکی ڈانس مووز کیں۔
بعد ازاں ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ڈکی بھائی اس واقعے کے بارے میں اپنے دوست سے بات کرتے ہوئے ہنس رہے تھے اور کہہ رہے تھے، ’’میں نے پہلے ہی کہا تھا، میں ڈانس نہیں کرتا۔‘‘ وہ شرمندگی اور ہنسی میں پسینے سے شرابور تھے، لیکن یہ لمحہ ان کے فینز کے لیے ایک خوشگوار اور مزاحیہ یادگار بن گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں، کچھ نے اسے ’’ڈکی کی قسمت کا کھیل‘‘ قرار دیا، تو کچھ نے نورا کے اس غیر متوقع اقدام کو ’’ڈکی بھائی کے لیے فین مومنٹ‘‘ کہا۔ ویڈیو کو یوٹیوب، انسٹاگرام اور ایکس (ٹوئٹر) پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ لمحہ ڈکی بھائی کے کیریئر میں ایک انوکھا اور دلچسپ اضافہ بن چکا ہے۔