فلم لو گرو کی پروموشن کے دوران ماہرہ خان کو ہراسانی کا سامنا
 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی فلم لو گرو کی پروموشن کے دوران ہراسانی کے واقعہ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی فلم لو گرو کی پروموشن کے دوران ہراسانی کے واقعہ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں اپنی نئی آنیوالی فلم "لو گرو" کی پروموشن کے سلسلے میں ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔

ماہرہ ہمایوں سعید کے ہمراہ اِلفورڈ ٹاؤن میں انڈو پاک سپر مارکیٹ کی ایک پروموشنل تقریب میں شریک ہوئیں مگر یہ تقریب بدنظمی، ہراسانی اور ناقص انتظامات کی نذر ہو گئی۔

تقریب کے آغاز پر ہی شائقین کا ہجوم بے قابو ہوتا دکھائی دیا جبکہ سکیورٹی عملہ صورت حال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان ہجوم میں گھر چکی تھیں اور انہیں بمشکل سٹور کے اندر پہنچایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹور میں داخل ہوتے وقت ماہرہ کو کم از کم تین افراد کی جانب سے ناپسندیدہ جسمانی رویے کا سامنا کرنا پڑا جن میں ایک شخص مبینہ طور پر سکیورٹی ٹیم کا رکن تھا، مذکورہ واقعے پر ماہرہ خان نے فوری طور پر منتظمین سے احتجاج ریکارڈ کرایا اور ناراضی کا اظہار کیا۔

اس ساری صورتحال کے دوران ہمایوں سعید ماہرہ کو محفوظ کرتے دکھائی دیئے تاہم، بعدازاں صورتحال اس قدر خراب ہو گئی کہ ماہرہ خان نے تقریب کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا۔

تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور فنکار برادری نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیا، کئی معروف شخصیات نے انتظامیہ کی غفلت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ فنکار محفوظ ماحول میں مداحوں سے رابطہ رکھ سکیں۔