
حال ہی میں اداکارہ اریبا حبیب نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
شوبز کیریئر کے آغاز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ اریبا حبیب کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں شوبز میں قدم رکھوں گی لیکن ایک تقریب کے دوران معروف اداکارہ فریحہ الطاف نے مجھے دیکھتے ہی ماڈلنگ کی پیشکش کردی۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ ہماری ایک خاندانی تقریب تھی اور اسی دوران انہوں نے میرا آڈیشن لیا اور کچھ سوالات کے بعد مجھے بطور ماڈل منتخب کرلیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں اریبا کا کہنا تھا کہ میں صرف منفرد ، جاندار اور اچھے کرداروں میں آنا چاہتی ہوں اس لیے ٹی وی سکرین پر کم دکھائی دیتی ہوں، شادی کے بعد تو میں اور بھی کم نظر آرہی ہوں تاہم اچھے اور منفرد کرداروں کیلئے کام کرتی رہوں گی۔
شوہر سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ میری شادی کو تین سال ہوئے ہیں لیکن شوہر سے پانچ سال پرانا تعلق ہے، میں اور سعد اچھے دوست تھے پھر ہم نے ایک دوسرے کو جیون ساتھی چن لیا۔
اریبا حبیب نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ جو لڑکیاں کام کررہی ہیں انہیں چاہیے شادی بھی جلدی کرلیں، کیریئر کو شادی کے آڑے نہ آنے دیں، لڑکا پسند آجائے تو فوری طور پر شادی کرلیں۔
اداکارہ نے لڑکیوں کو یہ بھی تجویز دی کہ جیون ساتھی کے انتخاب سے پہلے دیکھیں لڑکا اپنے گھر والوں کی عزت کرتا ہے، اگر وہ اپنے اہلخانہ کی عزت کرتا ہے تو یقینی طور پر وہ اپنی اہلیہ اور اس کے گھر والوں کو بھی عزت دے گا۔