مشہور ٹک ٹاکر شاہین پر مسلح افراد کا حملہ
TikToker Shaheen Attack
فائل فوٹو
کرک: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں مشہور ٹک ٹاکر شاہین پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شاہین عدالت میں پیشی کے بعد واپس اپنے گھر جا رہی تھیں۔ حملہ شہر کے قریبی علاقے میٹھا والہ کے مقام پر ہوا، جہاں مسلح افراد نے اُن پر اچانک فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں نہ صرف ٹک ٹاکر شاہین شدید زخمی ہوئیں، بلکہ ایک راہگیر بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے محرکات اور ملزمان کی شناخت کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شاہین کو اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر دھمکیاں مل چکی تھیں، تاہم ابھی تک اس حملے کا محرک سامنے نہیں آیا۔ واقعے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہریوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر شاہین کرک میں سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہیں، اور ان کے فالوورز کی بڑی تعداد ہے۔