
حال ہی میں اداکارہ غنا علی نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کےد وران اداکارہ غنا علی نے اپنے کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں اپنے شوق کی وجہ سے ہوں، شادی کے بعد میرے خاندان اور شوہر نہیں چاہتے میں مزید کام کروں لیکن شوق کی وجہ سے مجھے میری محبت میں شوہر نے انڈسٹری میں کام کی اجازت دے رکھی ہے۔
انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ڈراموں کی کہانیاں ہی ایسی لکھی جارہی ہیں جس میں چھوٹی عمر کی لڑکیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ، میری عمر 31 برس ہے اس لیے ہیروئن کا کردار مشکل ہی ملتا ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ میں کبھی ہیروئن بننے کے چکر میں نہیں پڑی۔
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ فی الحال انڈسٹری چھوڑنے کا ارادہ نہیں، مجھے لگتا ہے میں مزید 5 برس باآسانی کام کرسکتی ہوں، ہاں مستقبل میں فیملی اور بچوں کی خاطر شوبزانڈسٹری چھوڑنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔
پروگرام کے میزبان نے ان سے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق کی گئی پوسٹ بارے دریافت کیا جس پر غنا علی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوسٹ دراصل میرے بھائی نے کی تھی، میں ان دنوں اعتکاف میں تھی اس نے سمجھا کہ شاید میں اعتکاف کے بعد انڈسٹری سے کنارہ کشی کرلوں گی اس لیے اس نے وہ پوسٹ کردی۔
خیال رہے کہ 28 مارچ کو اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ میں اللہ کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ رہی ہوں، مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں"۔
تاہم اگلے ہی روز اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں انڈسٹری چھوڑنے کی تردید کرتے ہوئے کہا فی الحال میں انڈسٹری نہیں چھوڑ رہی ہاں مستقبل میں فیملی اور بچوں کی خاطر ضرور چھوڑ دوں گی تاکہ اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ دے سکوں۔