وسیم بادامی نے پاکستانی اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا
Wasim Badami statement
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ٹی وی اینکر وسیم بادامی نے حالیہ جنگی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں کے کردار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرنے والے اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم بادامی نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک نازک دور سے گزر رہا ہو تو ہر شہری بالخصوص مشہور شخصیات پر لازم ہے کہ وہ کھل کر پاکستان کا ساتھ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات کو ایسے وقت میں صرف تفریح یا شہرت کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے بلکہ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرنی چاہیے۔

وسیم بادامی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے پاکستانی فنکار بھارتی جارحیت پر لب کشائی کرنے سے گریزاں رہے، جو نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ باعثِ تشویش بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر جانبداری کا لبادہ اوڑھنا ایسے وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے نہ ہونے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب انہوں نے ان اداکاروں کی تعریف بھی کی جنہوں نے حالات کے پیشِ نظر پاکستان کی حمایت کی اور اپنی آواز بلند کی۔ ان فنکاروں میں فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید اور بہروز سبزواری نمایاں ہیں جن کی وسیم بادامی نے بھرپور انداز میں حوصلہ افزائی کی۔

وسیم بادامی کا مؤقف تھا کہ موجودہ حالات میں فنکاروں کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت کریں۔