
حال ہی میں اداکارہ سکینہ خان نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
شوبز انڈسٹری میں پیش آنیوالی مشکلات کے حوالے سے پروگرام کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سکینہ خان نے بتایا کہ جب انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بہت باتیں سننا پڑیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
سکینہ خان کا کہنا تھا کہ اکثر ایسا ہوتا تھا سینئر اداکار مجھے سیٹ سے باہر بھیج دیا کرتے تھے ، لوگ حوصلہ شکنی کرتےتھے، میں نے محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے جو لوگ پہلے تنقید کرتے تھے اب وہی لوگ میرے کام کو سراہتے ہیں۔
محبت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے اپنی محبت سے بچھڑنے کا انکشاف کیا اور ماضی کی محبت سے متعلق بات کرتے ہوئے سکینہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ حال ہی میں ایک ایسے قریبی شخص سے جدا ہوئی ہیں جس پر انہیں خود سے بھی زیادہ بھروسہ تھا، انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ علیحدگی ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ثابت ہوئی۔
محبت کرنے والے شخص سے بچھڑنے کی بات کے دوران سکینہ خان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اس شخص کی واپسی کی امید رکھتی ہیں اور دل میں ایک خواہش زندہ ہے کہ شاید وہ دوبارہ ان کی زندگی کا حصہ بنے۔
تاہم اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ جدائی کا فیصلہ کس نے کیا مگر انہوں نے کہا کہ وجہ کچھ بھی ہو، حقیقت یہی ہے کہ دو دل جدا ہوگئے۔
پروگرام کے دوران، جب میزبان نے ان کی اداسی کا سبب پوچھا تو اداکارہ نے بتایا کہ ان کی گاڑی چوری ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے وہ بے حد دکھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑی انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے خریدی تھی اور اس کا یوں اچانک چوری ہو جانا ان کے لیے ایک اور صدمہ بن گیا ہے۔
ان کے اس جذباتی لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس میں ان کی آنکھوں سے بہتے آنسو مداحوں کو بھی جذباتی کر گئے۔