پاک بھارت کشیدگی: جنت مرزا نے خاموشی توڑ دی
جنت مرزا نے پاک بھارت تعلقات پر صحافیوں کے سوال سے گریز کرنے پر ہونے والی شدید سوشل میڈیا تنقید کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت پیش کر دی
پاکستان کی مشہور ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے پاک بھارت تعلقات پر صحافیوں کے سوال سے گریز کرنے پر ہونے والی شدید سوشل میڈیا تنقید کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت پیش کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جنت مرزا اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ لندن میں ایک صحافی کے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق سوال پر جواب دینے سے گریز کرتی نظر آئیں اور صرف "ہونٹ بند" کرنے کا اشارہ کر کے خاموشی اختیار کرتی ہیں۔

اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض نے انہیں "بزدل"، "غیر محب وطن"، اور "غیر ذمہ دار" جیسے الفاظ سے نوازا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کے ناطے ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی معاملات پر واضح مؤقف اپنائیں، خاص طور پر ایسے نازک مواقع پر جب قوم یکجہتی کی متقاضی ہو۔

سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد جنت مرزا نے انسٹا گرام اسٹوری کے ذریعے اپنی پوزیشن واضح کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ سیاست دان نہیں بلکہ فنکارہ ہیں اور ان کا مقصد تفریح فراہم کرنا ہے، نہ کہ حساس سیاسی معاملات پر رائے دینا۔ انہوں نے کہا کہ، "میری تربیت اور پیشہ فنونِ لطیفہ سے متعلق ہے، میں جب حساس معاملات پر بولتی ہوں تو کوشش کرتی ہوں کہ کوئی غلط تاثر نہ جائے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ، "میں اپنی چھٹیاں لندن میں گزارنے گئی تھی لیکن جیسے ہی مجھے بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کی اطلاعات ملیں، میں نے فوری طور پر اپنا دورہ مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔ میرے لیے پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، میری جان، عزت، اور سب کچھ میرے ملک کے لیے ہے۔"

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جنت مرزا نے کہا، "جنگ کبھی بھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتی، یہ صرف بربادی لاتی ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ ہمیں بات چیت اور امن کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ملک کے مفاد کو مدنظر رکھتی ہیں اور کبھی ایسا کوئی عمل نہیں کریں گی جس سے ملک کی بدنامی ہو۔ انہوں نے اپنے ناقدین سے اپیل کی کہ وہ کسی ایک لمحے کی خاموشی کو ان کی نیت پر شک کا ذریعہ نہ بنائیں۔

یاد رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹک ٹاک اسٹار ہیں جن کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی موجود ہیں۔ تاہم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے خلاف بھی منفی بیانات سامنے آ رہے ہیں۔