سی آئی ڈی کے اے سی پی پردھیومن چل بسے
CID ACP Pradhyuman Exit
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول شو سی آئی ڈی کے شہرہ آفاق کردار اے سی پی پردھیومن کا سفر شو میں ختم ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی آئی ڈی کے نئے ایڈیشن کا پرومو نیٹ فلکس پر جاری کیا گیا ہے، جس میں اے سی پی پردھیومن کی موت کا منظر دکھایا گیا ہے۔ پرومو میں خون سے لت پت اے سی پی کا ہاتھ دکھایا جاتا ہے، جس میں ان کی یادگار انگوٹھی بھی نظر آتی ہے۔

چینل کی جانب سے اس کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ اب اے سی پی پردھیومن آئندہ اقساط کا حصہ نہیں ہوں گے۔

گزشتہ 27 برسوں سے اے سی پی پردھیومن کے مشہور جملے "کچھ تو گڑبڑ ہے دیا" اور "دروازہ توڑو دیا" نے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنا رکھی تھی،مگر اب یہ الفاظ مداحوں کو مزید سننے کو نہیں ملیں گے۔

دوسری جانب پرومو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے سی پی پردھیومن، ابھیجیت اور دیا اس شو کی پہچان ہیں، ان میں سے کسی بھی ایک کے بغیر یہ شو مکمل نہیں ہوسکتا۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے امید ظاہر کی کہ پرومو میں دکھائی دینے والا منظر حقیقت نہ ہو، لیکن چینل نے خود تصدیق کی ہے کہ اے سی پی پردھیومن اب شو کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اب سوال یہ ہے کہ اے سی پی پردھیومن کی غیر موجودگی میں "سی آئی ڈی" کی قیادت کون کرے گا؟ بھارتی میڈیا کے مطابق اس خلا کو پر کرنے کیلئے ایک نیا نوجوان افسر اے سی پی بن کر آئے گا۔ اس کردار میں اداکار پارتھ سمتھان نظر آئیں گے، جو اے سی پی ایوشمان کا کردار ادا کریں گے اور اے سی پی پردھیومن کے قتل کا کیس حل کریں گے۔