انمول بلوچ نے اپنی شادی سے متعلق خبروں کی حقیقت بتا دی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش خبروں کی حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش خبروں کی حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔

گزشتہ دنوں نجی ٹی وی شو میں پروگرام کی میزبان نے انڈسٹری کے نوبیاہتا جوڑوں کو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں نوبیاہتا جوڑوں میں اداکارہ انمول بلوچ کا نام بھی لیا۔

تاہم اب اداکارہ انمول بلوچ نے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش خبروں کی تردید کردی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انمول بلوچ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے شادی کے حوالے سے گردش خبروں کو مسترد کردیا اور اپنے فالوورز کو سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کرنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔

انمول بلوچ نے اپنی انسٹا سٹوری میں کہا کہ میری شادی نہیں ہوئی، جب شادی کا وقت آئے گا تو میں خود اپنے مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ اسے شیئر کروں گی۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری شادی سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں ہے، سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کیا کریں، آپ کی محبتوں اور حمایت کا بہت بہت شکریہ۔