پشتو زبان کے معروف کامیڈین میراوس انتقال کرگئے
 پشتو زبان کے معروف کامیڈین میراوس انتقال کرگئے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پشتو زبان کے معروف کامیڈین میراوس انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق کامیڈین میراوس طویل عرصے سے بیمار تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے،میراوس تنگیوال کو کافی عرصہ سے شوگر کے مرض لاحق تھا،میرواس نے منفرد مزاحیہ اداکاری سے پشتو ڈراموں اور اسٹیج میں کافی مقبولیت حاصل کی۔

میراوس جن کا اصل نام حیات خان تھا جو 1955 میں ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں پیدا ہوئے،انہوں نے 1970 کی دہائی میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور 6 ہزار سے زائد آڈیو کیسٹیں ریکارڈ کیں اور سیکڑوں ڈراموں میں کام کیا۔

کامیڈیشن میرواس کو پشتو شوبز انڈسٹری کا معین اختر کہا جاتا تھا اور وہ 20 سے زائد ممالک میں اسٹیج پر پرفارم کر چکے تھے ۔

مشیر ثقافت زاہد چن زیب نے مشہور پشتو کامیڈین میرواس کے انتقال پر گہرے دکھ اور اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم میراوس جیسے اداکار کا خلا کبھی پر نہیں ہوگا، انہوں نے ہرکسی کے چہرے پر ہنسی بکھیری تھی، میراوس نے 800 سے زیادہ کامیڈی پشتو البمز میں اپنے فن کا لوہا منوایا تھا۔

شوبز شخصیات کی جانب سے بھی کامیڈین میراوس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ ان کے انتقال کو پشتو انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے۔