اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

فائل فوٹو
March, 22 2025
لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور کی مقامی عدالت نے اداکارہ نازش جہانگیر کیخلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کیس میں جاری کردہ وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال کی عدالت میں اس استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے اداکار ہارون اسود کو 25 لاکھ روپے اور گاڑی واپس نہیں کی۔
عدالتی حکم پر نازش جہانگیر اپنے وکیل بیرسٹر حارث کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ اس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ یہ کیس ہارون اسود کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، جس میں نازش جہانگیر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے رقم اور گاڑی واپس نہیں کی، جس کے بعد عدالت نے اداکارہ کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔