
تفصیلات کے مطابق نصیبو لال نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ وہ اپنے گھر کے صحن میں بیٹھی تھیں کہ ان کے شوہر نوید آئے اور بغیر کسی وجہ کے گالم گلوچ شروع کر دی۔
درخواست کے مطابق نوید نے ان کو اینٹ مارنے کی کوشش کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے نصیبو لال کی شکایت پر ان کے شوہرنوید کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل بھی نوید بلوچ کا نام ایک اور واقعے میں سامنے آیا تھا۔ دسمبر 2024 میں شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں نوید کا محلے دار سے جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران اس نے فائرنگ کی تھی، جس سے ایک شہری زخمی ہوا تھا۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے نوید کو گرفتار کر لیا تھا، اور نصیبو لال اپنے شوہر کی رہائی کیلئے تھانے پہنچی تھیں اور پوری رات وہیں گزاریں تھی۔
خیال رہے کہ نصیبو لال پاکستان کی مشہور لوک گلوکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد ہٹ گانے پیش کیے ہیں۔
ان کے شوہر نوید بلوچ کیخلاف حالیہ تشدد کے واقعے نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
دوسری جانب سماجی حلقوں کی جانب سے خواتین پر گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید مذمت کی جا رہی ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔