
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے معروف تامل اداکار تھلاپتی وجے کے خلاف مسلمانوں کیلئے افطار کا اہتمام کرنے پر شکایت درج کرائی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تامل ناڈو سنت جماعت کی جانب سے اداکار و سیاستدان کیخلاف چنئی پولیس کمشنر کو شکایت درج کرائی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ تھلاپتی وجے کی سیاسی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام کی جانب سے افطار ڈنر میں مسلمانوں کی توہین کی گئی۔
پولیس کمشنر کو جمع کرائی گئی شکایت میں کہا گیا کہ افطار ڈنر میں شرابی اور بدمعاش بھی شریک تھے جن کا روزے یا افطار سے کوئی تعلق نہیں تھا، اس امر سے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے۔
درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ افطار کا اہتمام بھی مناسب طریقے سے نہیں کیا گیا، غیر ملکی گارڈز لوگوں کیساتھ جانورں کی طرح سلوک کر رہے تھے جس پر افسوس ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 7 مارچ کو تامل بھارتی اداکار و سیاستدان تھلاپتی وجے نے مسلمانوں کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا تھا جس میں مسلم کمیونٹی کے ہزاروں افراد شریک ہوئے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اس موقع پر تھلاپتی وجے نے مسلمانوں کے ساتھ نماز مغرب ادا کی اور افطار بھی کیا تھا۔