مہوش حیات 9 سال بعد ٹی وی سکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات 9 سال بعد ٹی وی سکرین پر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات 9 سال بعد ٹی وی سکرین پر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

مہوش حیات کی محبت، بدلے، سسپنس اور ایکشن سے بھرپور ڈرامے "ڈائن" سے ٹیلی وژن سکرین پر واپسی ہورہی ہے، مذکورہ ڈرامے کا ٹیزر رواں ماہ کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا اور یہ ڈرامہ نجی ٹی وی پر 24 فروری سے نشر کیا جارہا ہے، یہ ڈرامہ ہفتے میں دو روز پیر اور منگل کے روز نشر ہو گا۔

ڈرامہ "ڈائن" فاطمہ فیضان اور امبر اظہر کا تحریر کردہ ہے جبکہ سراج الحق اس ڈرامے کے ہدایتکار ہیں، عبداللہ قدوانی اور اسد قریشی نے ڈرامے کو پروڈیوس کیا ہے۔

محبت، بدلے، سسپنس اور ایکشن سے بھرپور ڈرامے میں مہوش حیات کے علاوہ احسن خان، حرا مانی، عثمان پیرزادہ، افشیں حیات، نیر اعجاز، زینب قیوم، اسامہ طاہر، سہیل سمیر، ندا ممتاز، شمیل خان اور زہرہ عامر سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

مہوش حیات نے 2016 کے بعد فلموں اور ویب سیریز میں ہی کام کیاتاہم اب 9 سال بعد وہ چھوٹی سکرین پر اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کو محظوظ کریں گی، یاد رہے کہ انہوں نے اپنے آخری ڈرامے میں ساتھی اداکار ہمایوں سعید کیساتھ سکرین شیئر کی تھی۔