سعودی عرب میں بھارتی فلموں کی نمائش روک دی گئی
Indian movies poster
ریاض:(ویب ڈیسک)سعودی عرب میں بھارتی سپر اسٹار اجے دیوگن کی مشہور زمانہ فلم سنگھم اگین سمیت تین بڑی بھارتی فلموں کی نمائش روک دی گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے حال ہی میں ان فلموں کو سینما گھروں میں دکھانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے میں اجے دیوگن کی "سنگھم اگین" کے علاوہ کارتک آریان کی "بھول بھلیاں 3" اور تیسری فلم "اماران" شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تینوں فلمیں دیوالی کے موقع پر سعودی عرب کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے تیار تھیں۔تاہم سعودی حکام نے ان کی نمائش کو اچانک روک دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان فلموں کو روکنے کی تاحال کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی،مگر ماضی کے تجربات کی روشنی میں سعودی عرب میں اکثر فلموں کو مذہبی،جنسی یا کسی حساس موضوع پر مبنی مواد کے باعث نمائش سے روکا جاتا ہے۔ سعودی عرب کی فلم پالیسی اس حوالے سے کافی سخت ہے اور ایسی پابندیاں عموماً دیکھنے کو ملتی رہتی ہیں۔

دوسری جانب ان تین فلموں کو متحدہ عرب امارات میں دیوالی کے موقع پر شیڈول کے مطابق ہی ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں پابندی کے باوجود دیگر خلیجی ممالک میں بھارتی فلموں کو اچھی پذیرائی ملتی ہے اور مداحوں کی بڑی تعداد انہیں سینما گھروں میں دیکھتی ہے۔