سلمان خان کو پھر سے قتل کی دھمکی، کروڑوں روپے تاوان کا مطالبہ
Salman Khan
لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان یعنی سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر سے قتل کی دھمکی مل گئی، ملزم نے جان بخشی کے لئے 2 کروڑ بھارتی روپے تاوان مانگ لیا۔

نامور بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے، نامعلوم افراد نے دبنگ سٹار سے 2 کروڑ بھارتی روپے تاوان کا مطالبہ بھی کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکی ایک واٹس ایپ پیغام کے ذریعے ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اگر سلمان خان نے پیسے ادا نہیں کیے تو انہیں قتل کر دیا جائے گا، یہ واقعہ سلمان خان کے لئے ایک نیا خطرہ ہے جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کیا اور دھمکی دینے والے کی شناخت کے لئے تحقیقات شروع کر دیں۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب سلمان خان کو اس طرح کی دھمکی ملی ہے، حال ہی میں اتر پردیش کے شہر نوئیڈا سے ایک 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے سلمان خان کے علاوہ ذیشان صدیقی نامی شخص کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلمان خان کے قریبی دوست اور مسلمان سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا تھا، اس قتل کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی، بابا صدیقی کے قتل نے سلمان خان کے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ کیا، علاوہ ازیں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعات نے ان کی سیکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دھمکی دینے والے کی شناخت کی گرفتاری کے لئے کوششیں کر رہی ہے تاکہ سلمان خان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس معاملے نے نہ صرف سلمان خان بلکہ پوری بالی ووڈ انڈسٹری میں سیکیورٹی کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع کر دی ہے۔