ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی، آخر وجہ کیا ہے؟
قیمتوں میں یہ کمی حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیکس میں کمی 13 ستمبر 2026 سے نافذ ہوئی، تاہم گاڑیوں کے اسمبلرز نے قیمتوں میں فوری تبدیلی کے بجائے تقریباً دو ہفتے بعد نئی قیمتوں کا اعلان شروع کیا۔
ہونڈا اٹلس کارز نے ہائبرڈ گاڑی ایچ آر وی ای: ایچ ای وی کی قیمت میں 10 لاکھ 70 ہزار روپے کی کمی کردی، جس کے بعد اس کی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ 69 ہزار روپے سے کم ہوکر 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ ایچ آر وی وی ٹی آئی ایس کی قیمت بھی 7 لاکھ 79 ہزار 900 روپے سے کم کرکے 72 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی۔
ہونڈا کے مطابق نئی قیمتیں محدود مدت اور محدود اسٹاک کیلئے ہوں گی، جبکہ 25 ستمبر یا اس کے بعد انوائس ہونے والے آرڈرز پر نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔
دوسری جانب انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس ایچ ای وی ایکس کی قیمت میں 5 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 97 لاکھ 29 ہزار روپے مقرر کی ہے، جبکہ کرولا کراس ایچ ای وی کی قیمت 5 لاکھ 50 ہزار روپے کم ہوکر 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:اوور سیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، 16 ارب کے انعامات کا اعلان
آٹو سیکٹر سے وابستہ افراد کے مطابق ٹیکس میں کمی سے گاڑیوں کی قیمتوں میں ریلیف ملنے اور طلب بحال ہونے کی توقع ہے، کیونکہ زیادہ ٹیکس کے باعث کئی صارفین نے خریداری مؤخر کردی تھی۔