اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نقد انعامات کا اعلان
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن(پی اے بی) کے زیر اہتمام شروع کی جانے والی اس اسکیم کے تحت بینکاری ذرائع سے رقوم بھیجنے والے افراد میں ہر سال 16 ارب روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ فروری 2023 میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کم ہو کر 3 ارب ڈالر رہ گئے تھے، جو اب بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ زرمبادلہ ذخائر بیرونی قرضوں کے ذریعے نہیں بلکہ مارکیٹ سے زرمبادلہ خرید کر بڑھائے گئے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی ترسیلاتِ زر مالی سال 2019 میں 21.7 ارب ڈالر تھیں جو مالی سال 2026 میں تقریباً دگنا ہو کر 41.6 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
جمیل احمد کے مطابق ’’پاسبان ریمی ٹینس ریوارڈ‘‘ اسکیم کے تمام اخراجات بینکاری صنعت خود برداشت کرے گی اور قومی خزانے پر اس کا کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکیم کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر کیلئے قانونی اور باضابطہ بینکاری ذرائع استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل این جی کی قیمت میں 21 فیصد سے زائد کمی، نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہیں، جن سے گھریلو اخراجات، تعلیم، صحت، سرمایہ کاری اور دیگر معاشی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے سی ای او منیر کمال نے اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2027 کو ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی قرعہ اندازی میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 کے دوران موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر شامل ہوں گی، جبکہ قرعہ اندازی کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف ہوگا۔
اس اسکیم میں شرکت بالکل مفت ہوگی اور ہر سال 10 ہزار سے زائد افراد میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
اسکیم کے تحت وہ وصول کنندہ اہل ہوگا جو کسی بھی سہ ماہی کے دوران مسلسل 3 ماہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں ماہانہ کم از کم 100 ڈالر وصول کرے گا۔
ہر 100 ڈالر کی ترسیل پر ایک ڈیجیٹل انٹری نمبر دیا جائے گا، جبکہ زیادہ رقم بھیجنے کی صورت میں انٹریز کی تعداد بھی بڑھ جائے گی۔
اسکیم کے انعامات کیلئے علاقائی کوٹہ بھی مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 50 فیصد انعامات خلیج تعاون کونسل (GCC) ممالک، 15 فیصد برطانیہ، 15 فیصد یورپ، 10 فیصد شمالی امریکا اور 10 فیصد دیگر ممالک کیلئے مختص ہوں گے، تاہم 10 کروڑ روپے کا پہلا انعام تمام خطوں کے شرکا کیلئے کھلا ہوگا۔
اسکیم کے نتائج کا اعلان ’’پاسبان‘‘ کی مخصوص ویب سائٹ، اسٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور متعلقہ بینکوں کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جائے گا۔