عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں
جمعہ کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں 87 سینٹ یعنی 0.82 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 105.73 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.56 ڈالر یعنی 1.65 فیصد کمی کے بعد 93.05 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہےکہ تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز دونوں بڑے معاہدوں کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد تک اضافہ ہوا تھا۔ گزشتہ روز برینٹ کی قیمت میں 3.4 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کے درمیان قیمتوں کا فرق بھی مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، دونوں کے درمیان قیمت کا فرق 12.68 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نیویارک میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کار جنگ کے خاتمے کیلئے مرحلہ وار پیش رفت پر بات چیت کر رہے ہیں۔ مجوزہ اقدامات میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا جبکہ امریکا کی طرف سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں ممکنہ نرمی شامل ہے۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کیلئے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جنگ شروع ہونے کے بعد اس راستے سے گزرنے والی توانائی کی ترسیل متاثر ہوئی، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی اور قیمتوں سے متعلق خدشات بڑھے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین اب اپنی مرضی سے بجلی خرید سکیں گے
اگر جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو عالمی تیل سپلائی کے حوالے سے دباؤ کم ہوسکتا ہے، تاہم سعودی تیل تنصیبات کو لاحق خطرات کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بدستور موجود ہے۔