مرغی کا گوشت پھر مہنگا، فی کلو کتنے کا ہوگیا؟
نئی قیمتوں کے بعد عام شہریوں کیلئے گوشت کی خریداری مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 21 روپے فی کلوگرام اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھ کر 475 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب صافی گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہ بڑھ کر 575 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔
مارکیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر مرغی کا فارم ریٹ 300 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا، جبکہ ہول سیل سطح پر قیمت 314 روپے فی کلوگرام اور پرچون سطح پر 328 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ مرغی کی قیمتوں میں اضافے کی مختلف وجوہات ہیں، جن میں پیداواری اخراجات، چارے کی قیمتیں اور مارکیٹ میں طلب و رسد شامل ہیں۔ تاہم قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے، برائلر گوشت جو عام افراد کی نسبتاً سستی خوراک سمجھا جاتا تھا، اب اس کی قیمت بھی متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں موبائل فون مہنگے ہونے کا خدشہ
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔