سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر اڑان بھر لی
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی روز میں 7 ہزار 250 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 39 ہزار 966 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 525 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 75 ہزار 947 روپے تک پہنچ گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے اثرات براہِ راست مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں 72 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد عالمی منڈی میں فی اونس سونا 4 ہزار 175 ڈالر پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 190 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 79 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملہ مؤخر ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں جاری بے یقینی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔