عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 8 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3.13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 93 ڈالر 67 سینٹ فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

اسی طرح برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت میں بھی 2.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 95 ڈالر 59 سینٹ تک پہنچ گئی ہے۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں سیاسی اور جغرافیائی کشیدگی میں اضافہ ہوتا رہا تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس کے عالمی سطح پر اثرات مرتب ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی تھی تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو حکومت کو ایندھن کی قیمتوں پر دوبارہ غور کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرول سستا اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

ماہرین نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ توانائی کے استعمال میں کفایت شعاری اختیار کریں اور پٹرول و ڈیزل کی ضرورت کے مطابق ہی گاڑیوں کا استعمال کریں تاکہ اخراجات اور قیمتوں کے اثرات سے بچا جا سکے۔

اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ توانائی کے شعبے کے لیے ایک بڑا اشارہ ہے، جس سے نہ صرف صنعتی شعبہ بلکہ عام صارفین بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔