حکومت کا پٹرول سستا اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے ہو گئی۔
وزارت پٹرولیم کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
یہ بھی دیکھیں: فیول سبسڈی سکیم: ایک ساتھ 4 ہزار روپے جاری کرنے کا فیصلہ
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم اور ڈیزل کی قیمت 22،22 روپے فی لٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی عوام کو ریلیف دیا جائے گا، اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فکسڈ ٹیکس اسکیم میں شامل دکانداروں کو کیا فوائد ملیں گے؟
اعلامیہ میں کہا گیا کہ جب خطے کے دوسرے ممالک میں پٹرول حاصل کرنے کے لئے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بر وقت اقدامات کی بدولت عوام کو پٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔
اعلامیہ کے مطابق جب دنیا میں تیل کا بد ترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔