فیول سبسڈی سکیم: ایک ساتھ 4 ہزار روپے جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت نے سستا پٹرول سکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ کے دوران جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
فائل فوٹو
Updated 19 گھنٹے قبل | Published June, 5 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) حکومت نے سستا پٹرول سکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ کے دوران جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

نائب وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹر سائیکل مالکان اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی فیول سبسڈی کی امداد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سستا پٹرول اسکیم کے تحت گزشتہ 2 ماہ کے دوران اب تک 4 اقساط ہفتہ وار بنیادوں پر کامیابی سے جاری کی جا چکی ہیں۔

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے اسکیم پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیول سبسڈی سکیم پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول پر سبسڈی کیلئے کونسے افراد اہل ہیں؟ جانیے

اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران اسکیم میں شفافیت، جوابدہی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستحق افراد تک زیادہ سے زیادہ فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے۔