خام تیل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات نے بھی عالمی توانائی مارکیٹ میں بے چینی پیدا کر دی، صورتحال مزید خراب ہوئی تو دنیا بھر میں ایندھن کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔
عالمی تجارتی رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت 107 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے، جبکہ امریکی خام تیل 101 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح اماراتی خام تیل مربان کے سودے بھی 106 ڈالر فی بیرل میں طے پائے ہیں، جو عالمی مارکیٹ میں شدید دباؤ کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال عالمی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بن چکی ہے۔ خصوصاً آبنائے ہرمز کی بندش کے خدشات کے باعث دنیا بھر کے سرمایہ کار اور تیل خریدار تشویش میں مبتلا ہیں، کیونکہ عالمی سطح پر بڑی مقدار میں تیل اسی اہم بحری راستے سے گزرتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، ماہرین معاشیات کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے مہنگائی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھین:پندرہ سو روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان
عالمی مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں ایران امریکا تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی معیشت کی سمت کا تعین کرے گی۔