مرغی کی قیمت کو پَر لگ گئے، فی کلو کتنے کا ہوگیا؟
Quetta chicken price
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جہاں فی کلو قیمت 700 روپے تک جا پہنچی۔

اس بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور روزمرہ اشیائے خور و نوش کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت میں حالیہ دنوں کے دوران تقریباً 250 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا،عید کے بعد سے قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت جو کبھی نسبتاً سستا سمجھا جاتا تھا، اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مرغی کی پیداواری لاگت بھی بڑھ چکی ہے، ان عوامل کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسان اقساط پر بلا سود الیکٹرک بائیک حاصل کریں

شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر قیمتوں کو قابو میں نہ رکھا گیا تو آئندہ دنوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔