الیکٹرک بائیکس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث سپلائی میں ممکنہ خلل کے خدشات کے تحت طلب میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
اسمبلرز کے مطابق سمندری فریٹ چارجز، لاجسٹکس اخراجات اور ڈیزل سے چلنے والی ترسیل کی بڑھتی لاگت نے قیمتوں میں اضافے پر مجبور کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کچھ کمپنیوں کے لیے 3 اپریل سے جبکہ دیگر کے لیے 10 اپریل سے ہوگا۔
بیٹری سے چلنے والی بائیکس کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار روپے سے لے کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہو گئی ہے جو مختلف بیٹری رینج اور موٹر اقسام پر منحصر ہے۔
مزید یہ پڑھیں: پاکستان میں یونائیٹڈ موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ
ایک اسمبلر کے خط کے مطابق سامان کی ترسیل کرنے والوں نے کرایوں میں 30 فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز آف گڈز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کرایوں میں 60 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
الیکٹرک بائیکس کی فروخت میں اضافے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک اسمبلر نے صرف مارچ میں 7,000 سے زائد یونٹس فروخت کیے۔ دوسری جانب، پیٹرول بائیکس کی فروخت بھی مضبوط ہے، تاہم پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مارچ کے اعداد و شمار سے مستقبل کے رجحانات مزید واضح ہوں گے۔