پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو بڑا جھٹکا
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کے دوران منفی رجحان غالب رہا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور فروخت کے دباؤ کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 1826 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد انڈیکس گر کر 1 لاکھ 56 ہزار 487 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ایک موقع پر انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار 251 کی نچلی سطح تک بھی پہنچا، جبکہ دن کے دوران 1 لاکھ 57 ہزار 571 کی بلند ترین سطح بھی دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 58 ہزار 313 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، ماہرین کے مطابق حالیہ مندی کی بڑی وجوہات میں معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ اور عالمی مالیاتی دباؤ شامل ہیں۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار اس وقت محتاط حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں، جس کے باعث خریداری میں کمی اور فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، دوسری جانب معاشی پالیسیوں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ جاری مذاکرات بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز

معاشی ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر معاشی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔