کاروبار کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 1434 پوائنٹس کی بڑی گراوٹ کے بعد 1 لاکھ 79 ہزار 77 پوائنٹس کی سطح تک آ گیا۔
مارکیٹ کے آغاز پر کچھ وقت کیلئے مثبت رجحان بھی دیکھا گیا، انڈیکس 1 لاکھ 80 ہزار 832 پوائنٹس کی بلند سطح تک پہنچا، تاہم فروخت کے دباؤ میں اضافے کے باعث مارکیٹ زیادہ دیر تک استحکام برقرار نہ رکھ سکی۔
کاروبار کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 1 لاکھ 78 ہزار 237 پوائنٹس کی نچلی سطح تک بھی گر گیا، جس سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال واضح طور پر نظر آئی۔
ذہن شنین رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 80 ہزار 512 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج کی مندی نے مارکیٹ کی سمت تبدیل کر دی۔
معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ، منافع کے حصول کیلئے شیئرز کی فروخت اور معاشی خدشات مارکیٹ میں مندی کی بڑی وجوہات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں استحکام، چاندی مزید مہنگی
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے سستا ہو کر 279 روپے 64 پیسے کا ہو گیا، جبکہ گزشتہ روز ڈالر 279 روپے 65 پیسے پر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملکی معاشی پالیسیوں، شرح سود اور سرمایہ کاری کے رجحانات اسٹاک مارکیٹ کی سمت کا تعین کریں گے، جبکہ سرمایہ کار صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔