سونے کی قیمتوں میں بڑا اُچھال، ہزاروں روپے مہنگا
Gold prices surge Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جس کے بعد خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

عالمی سطح پر معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی طرف رجحان بڑھنے کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 117 ڈالر کے بڑے اضافے کے بعد 4967 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی منڈی میں افراطِ زر، جغرافیائی کشیدگی اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کار دوبارہ سونے اور چاندی کی خریداری کی طرف مائل ہو رہے ہیں، جس کا براہِ راست اثر قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ سونا 11 ہزار 700 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 19 ہزار 462 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 30 روپے اضافے کے بعد یہ 4 لاکھ 45 ہزار 354 روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عید پر نئے کرنسی نوٹ ملیں گے یا نہیں؟

چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک تولہ چاندی 444 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 269 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

صرافہ بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ خارج از امکان نہیں۔