پی آئی اے سے ایک سال تک کسی ملازم کو نہیں نکالا جائیگا: عارف حبیب
حال ہی میں پی آئی اے خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے ایک سال تک کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالیں گے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) حال ہی میں پی آئی اے خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے ایک سال تک کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالیں گے۔

چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی آئی اے کے زیادہ تراثاثے ہولڈنگ کمپنی میں منتقل ہوگئے ہیں، پی آئی اے کے بزنس پلان میں کارگو سسٹم کی بہتری کے لئے خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی میں فوجی فرٹیلائزر کے شیئرز 25 فیصد، عارف حبیب گروپ اور فاطمہ فرٹیلائزر کے شیئرز 25 فیصد ہیں جبکہ باقی 25 فیصد شیئرز کنسورشیم میں شامل دیگر ممبرز کے ہیں، پی آئی اے میں مزید ایک پارٹنر کے آنے کی گنجائش موجود ہے۔

سربراہ عارف حبیب گروپ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے ایک سال تک کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالیں گے، پی آئی اے میں تمام کام کرنے والوں کو میرٹ کی بنیاد پر ہی آگے رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کو خرید لیا

عارف حبیب نے کہا کہ ، 2016 میں پی آئی اے بورڈ کا ممبرمنتخب ہوا تھا ،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی بہتری کے لئے بحیثیت بورڈ ممبر حکومت کو کئی بار تجاویز دیں، پی آئی اے کے بڑے خسارے کی بڑی وجہ قرض پر قرض اور بھاری سود ادائیگیاں تھیں،پی آئی اے پر تقریبا 8 سو ارب روپے کا قرضہ چڑھ گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی، ڈالر کے مقابلے روپے میں بہتری اور ایندھن کی قیمت میں کمی پی آئی اے کے لیے مفید رہے گی، پی آئی اے کی پہلی بولی مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے ناکام ہوئی تھی، مینجمنٹ اسٹرکچر اور معاشی حالات کی بہتری سے اس بار پی آئی اے کی بولی کامیاب ہوئی۔

اس کو بھی پڑھیں: جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا، عارف حبیب

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس 34 جہازوں میں سے صرف 17 جہاز آپریشنل ہیں، پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد فور طور بڑھا کر 38 کرنے کا پلان ہے، پی آئی اے کا نیا سی ای او پاکستانی ہو گا تاہم مختلف شعبہ جات کو آؤٹ سورس کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے وقت حالات کو دیکھ کر فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کرے گا۔

عارف حبیب کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے کسی ملازم کو ایک سال تک نہیں نکالا جائے گا، پی آئی اے میں مزید طیاروں کی گنجائش ہے، فلیٹ کو بڑھانا پلان مین شامل ہے، بہتر پلاننگ سے حج و عمرہ اور یوکے فلائٹ آپریشن سے پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔