سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
Gold price increase Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں فی تولہ 2 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تازہ نرخنامے کے مطابق اضافے کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 472 ہزار 862 روپے تک جا پہنچی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1714 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 405 ہزار 402 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

صرافہ مارکیٹ میں کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ کے رجحان کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھ کر 7705 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس نے سرمایہ کاروں اور صارفین دونوں کو حیران کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتیں بلند سطح پر ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4500 ڈالر کی حد سے تجاوز کر گئی، جو تاریخی سطح قرار دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عارف حبیب کا طیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر کے خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔

صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے، جس سے شادی بیاہ اور زیورات کی خریداری متاثر ہو سکتی ہے۔