پاکستان کے ہاتھوں عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو شکست
پاکستان نے عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو شکست دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو شکست دے دی۔

رکن قومی اسمبلی سید حسین طارق کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے کمیٹی حکام کو بریفنگ دی۔

سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو شکست دے دی ہے ، عالمی مارکیٹ میں پاکستانی باسمتی چاول کی قیمت 1200 ڈالرز فی ٹن ہے، ہندوستانی باسمتی چاول کی قیمت 900 ڈالرز فی ٹن تک ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق کمپلائنسز کی ہیں ، ہندوستان اپنے کسانوں کو چاول پر ٹیکسز میں سبسڈی دے رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں زرعی ریسرچ کمزور ہے اور کسانوں کو منتقل نہیں ہو رہی ، زرعی توسیع نظام میں بہتری کی ضرورت ہے، کسانوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے ایپ بنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کی کوششیں تیز

انہوں نے بتایا کہ چین میں جو ایک ہزار گریجوایٹ بھجوائے گئے تھے وہ واپس آ گئے ہیں، ان کی خدمات کو استعمال کریں گے۔

سربراہ قائمہ کمیٹی حسین طارق نے کہا کہ کسانوں کو بہتر ٹیکنالوجی اور معلومات کی فراہمی سے پیداوار مزید بڑھائی جا سکتی ہے جس پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایگری فوڈ اتھارٹی قائم کی گئی ہے، پنجاب میں سیڈ انسپکٹر کمپرومائز ہو جاتے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں ریکارڈ چھاپے اور جرمانے کیے گئے ہیں جس پر سربراہ قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں جعلی اور غیر معیاری بیجوں کیخلاف کارروائی کی ماہانہ رپورٹ کمیٹی کو دی جائے،پنجاب کے سیڈ انسپکٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے، سندھ میں بھی انسپکٹرز کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔