ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی
sugar prices
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مصنوعی مہنگائی کے خلاف حکومت کی سخت کارروائی کے بعد پاکستان بھر میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اس کمی کے اثرات خاص طور پر بڑے تجارتی مراکز، بالخصوص کراچی اور پنجاب میں واضح ہیں۔

کراچی میں چینی کی تھوک قیمت200 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 150 روپے فی کلوگرام رہ گئی ہے جبکہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق بہتر رسد اور سخت نگرانی کے باعث قیمت مزید کم ہو کر146 روپے فی کلوگرام تک آ گئی ہے۔

پنجاب میں بھی اسی طرح کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جہاں تھوک قیمتیں145روپے فی کلوگرام تک گر گئی ہیں۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور منافع خوری کی حوصلہ شکنی میں حکومتی اقدامات نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فارورڈ شوگر ڈیلز 135 روپے فی کلوگرام پر طے کی جا رہی ہیں جو آنے والے ہفتوں میں قیمتوں میں مزید کمی کی توقع ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حجاز مقدس میں عازمین حج کیلئے گھر سے گھر تک سروس ہوگی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مسلسل نگرانی اور جاری گنے کی کرشنگ سیزن کے باعث قیمتیں مزید کم ہو سکتی ہیں اور ممکن ہے کہ یہ100 روپے فی کلوگرام تک آجائیں۔

تاجروں کے مطابق قیمتوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ ملک بھر میں چینی کے وافر ذخائر ہیں جو بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے کے لیے کافی ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار ٹن درآمدی چینی گوداموں میں موجود ہے جس سے قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

مارکیٹ کے شرکاء کا کہنا ہے کہ مسلسل نگرانی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی اور کرشنگ کے عمل کا تسلسل قیمتوں کے استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔

صارفین نے چینی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ تھوک قیمتوں میں کمی کا فائدہ جلد ریٹیل سطح پر بھی منتقل ہوگا۔