حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
وفاقی حکومت نے 16 دسمبر سے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے 16 دسمبر سے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد پٹرولیم ڈویژن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فی لٹر ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے کی بڑی کمی کر دی گئی جبکہ پٹرول کی فی لٹر قیمت برقرار کھی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 14 روپے کی کمی کے ساتھ 265 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہو گا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی صنعتی شعبے، زراعت اور ٹرانسپورٹ کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ ڈیزل کا براہِ راست تعلق مال برداری اور پیداواری لاگت سے ہے۔ 

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے دسمبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

اوگرا کی جانب سے ماہ دسمبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دسمبر کیلئے آر ایل این جی کی قیمتوں میں 5.9 فیصد کی کمی کی گئی ہے،سوئی ناردرن کے لیے قیمت میں 4.61 فیصد کمی کر دی گئی، سوئی ناردرن کا آر ایل این جی ٹیرف 11.82 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔

اوگرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سوئی سدرن کے لئے آر ایل این جی کی قیمت میں 5.90 فیصد کمی کر دی گئی، سوئی سدرن کے لیے آر ایل این جی کی قیمت 10.77 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا۔