پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم
Pakistan Stock Exchange Record High
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا، جبکہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز سرمایہ کاروں کے اعتماد میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی۔

کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 997 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ 70 ہزار 862 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پورے سیشن کے دوران برقرار رہا اور مختلف شعبوں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار 865 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج کا اضافہ ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

 

 

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ سطح مارکیٹ میں اعتماد کی بحالی اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع کی عکاس ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈالر 280 روپے 30 پیسے پر آ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں استحکام درآمدی دباؤ میں کمی اور معاشی بہتری کے امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی مثبت رجحانات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں سٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ دونوں میں مزید استحکام اور بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔