پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن بڑھانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری منظور ہونے کی صورت میں پٹرول اور ڈیزل 2 روپے 40 پیسے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا بتانا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے سے متعلق سمری ای سی سی کو بھجوا دی گئی ہے، جس میں او ایم سیز اور ڈیلرز کا مارجن ایک روپیہ 10 پیسے سے بڑھا کر ایک روپیہ 28 پیسے تک فی لٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ایک لٹر پیٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع 7 روپے 87 پیسے ہے جبکہ ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے فی لٹر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

پٹرولیم صارفین پہلے ہی پٹرول پر 16 روپے 51 پیسے اور اتنی ہی ڈیزل پر او ایم سیز اور ڈیلرز کو ادائیگی کررہے ہیں، اس میں مزید اضافے کا اطلاق ای سی سی سے منظوری اور وفاقی کابینہ کی توثیق کے بعد ہو گا۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر کو ہی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2روپے فی لٹر کمی کی گئی ، پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی۔

اسی طرح یکم دسمبر سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 79 پیسے فی لٹر کمی کی گئی تھی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 279 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی تھی۔