کاروبار کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں 1488 پوائنٹس کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
نمایاں اضافے کے بعد KSE-100 انڈیکس 167,772 کی سطح پر پہنچ گیا جو حالیہ ہفتوں میں مارکیٹ کے اعتماد کی مضبوط بحالی کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس 166,283 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، آج کے آغاز میں تقریباً 1500 پوائنٹس کی شاندار چھلانگ نے تجزیہ کاروں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ملکی سیاسی ماحول میں نسبتاً بہتری اور سرمایہ کاروں کی مثبت توقعات نے مجموعی طور پر مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو تقویت دی ہے، مختلف شعبوں خصوصاً بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سیکٹرز میں نمایاں خریداری کے باعث ٹریڈنگ والیم میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی
دوسری جانب سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی اقدامات، آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل اور روپے کے قدرے مستحکم رہنے سے مارکیٹ میں اعتماد بحال ہو رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر انڈیکس پر پڑ رہا ہے۔ آج کے ٹریڈنگ سیشن کا آغاز پورے ہفتے کیلئے سرمایہ کاروں کیلئے خوشگوار اشارہ ثابت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ میں اس مثبت پیش رفت کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی حالیہ تاریخ میں ایک مضبوط اور حوصلہ افزا اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔